30.6.11

6 - Harf-e-Aghaz


میں یہ نہیں بتانا چاہتی کہ کوئی شخص شاعر کیسے ہو جاتا ہے ۔
میں تو بس یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ
کبھی تم نے گرمیوں کی دوپہروں میں آسمان کا رنگ دیکھا
اور فاختہ کی لمبی، نڈھال آواز سنی ہے ۔ ۔ ۔ گھو گھو ۔ ۔ ۔ گھو ۔
خزاں کی سہ پہروں میں، جنگلوں میں سنسناتی ہواؤں کو محسوس کیا
اور درختوں کی کراہیں سنیں ۔
سرما کی گہری سیاہ غم ناک شامیں،
گھر کے پچھلے باغ میں تنہا بیٹھ کر گزار دیں ۔
رات کے پہلے پہر،
ڈار سے بچھڑ جانے والی کونج کی چیخ سنی ہے ۔
آخری پہر کبھی چونک کر جاگے
اور اپنے سر پر کسی نادیدہ پرندے (یا فرشتے ) کے
پروں کی پھڑپھڑاہٹ محسوس کی ہے ۔
صبح ِ کاذب کے وقت، فلک پر ایک نقرئی غبار دیکھا ہے ۔
صبح ِ صادق کے وقت، چڑیوں کی حمد کے ساتھ،
ملحقہ مسجد سے ابھرتی '' فاتحہ'' یا ''الرحمٰن '' سنی ہے؟ ۔
اگر نہیں ۔
تو تم مجھے کبھی نہیں جان سکتے

~~~

No comments:

Post a Comment